قومی

دھند کے باعث مسافر بس کھائی میں جا گری، 3 جاں بحق، درجنوں زخمی

جی ٹی روڈ استعمال کرنے والی مسافر بس ڈھوک پٹھان کے قریب موڑ کاٹتے ہوئے حادثے کا شکار، ریسکیو آپریشن جاری، زخمی مختلف شہروں سے تعلق رکھتے ہیں

شدید دھند کے باعث موٹرویز اور سی پیک بند ہونے پر اسلام آباد سے کراچی جانے والی مسافر بس جی ٹی روڈ کے ذریعے سفر کر رہی تھی کہ تلہ گنگ کے علاقے ڈھوک پٹھان کے قریب موڑ کاٹتے ہوئے 80 فٹ گہری کھائی میں جا گری۔

ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کے نتیجے میں 3 مسافر جاں بحق جبکہ درجنوں افراد زخمی ہو گئے جن کا تعلق ملک کے مختلف شہروں سے ہے۔

ترجمان ریسکیو کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو سٹی ہسپتال تلہ گنگ اور ٹی ایچ کیو ہسپتال تلہ گنگ منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔

حادثے کا شکار ہونے والی مسافر بس ٹریولر نمبر CAW-4044 اسلام آباد سے کراچی جا رہی تھی، موٹروے بند ہونے کے باعث ڈرائیور نے جی ٹی روڈ کا انتخاب کیا تاہم ڈھوک پٹھان کے قریب موڑ پر بس بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں میں محمد عباس ملتان، ایمان فاطمہ بہاولپور، شکیل کراچی، اسماء بتول کراچی، عقیل شہزاد خانیوال، شاہد حسین ملتان، محمد حسین، زین فاروق لیہ، مریم نور لیہ، ازرم نور خانیوال، علیزہ ازرم خانیوال، داؤد بہاولپور، داؤد ولد زمان خان بہاولپور، عابد علی سوات، حسیب ارشد ملتان، محمد احمد ملتان، شیر احمد ملتان، مناہل فاطمہ، محمد اظہر، محمد عباس، محمد اظہر ولد تاج محمد رحیم یار خان، جہانگیر سرور رحیم یار خان، شکیل احمد راولپنڈی، محمد اسلام بہاولپور، محمد احمد بہاولپور، محمد اظہر بہاولپور اور دیگر شامل ہیں۔

ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 40 سالہ ضیاء احمد ولد محمد رفیق کوٹلی ستیاں، 56 سالہ عبدالستار ولد محمد شفیع ملتان اور 33 سالہ محمد اسحاق ولد محمد نواز لودھراں شامل ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق امدادی کارروائیاں مکمل ہونے تک ریسکیو آپریشن جاری رہے گا۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button