قومی

سندھ حکومت کا خواتین کیلیے 1000 مزید پنک ای وی اسکوٹیز اور نئی بس سروسز کا فیصلہ

حکومت سندھ کا خواتین کے لیے مزید 1000 پنک ای وی اسکوٹیز خریدنے ، صوبے میں ماس ٹرانزٹ نظام کو مزید وسعت دینے کے لئے انٹر سٹی پیپلز بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ خیرپور تا روہڑی اور خیرپور تا رانی پور نئے روٹس آئندہ ہفتے شروع کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ بہت جلد لاڑکانہ، دادو، سہون، حیدرآباد، سانگھڑ سمیت مختلف اضلاع میں انٹر سٹی بس سروس شروع کرنے جا رہے ہیں، کراچی کے لیے نئی ای وی اور ڈبل ڈیکر بسیں لانے جا رہے ہیں۔
محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا اہم اجلاس سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ان کے دفتر میں ہوا۔
اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سلیم اللہ اوڈھو سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پیپلز بس سروس کے نئے روٹس، پنک ای وی اسکوٹیز کی تقسیم، ای وی ٹیکسی سروس اور ماس ٹرانزٹ کے جاری و مجوزہ منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کے حکام نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ چند ماہ کے دوران مزید نئی بسیں کراچی پہنچ جائیں گی، شہریوں کو سفری سہولیات کی فراہمی میں مزید بہتری آئے گی۔
اس موقع پر سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے پنک ای وی اسکوٹیز کے رجسٹریشن سے متعلق مسائل کا فوری حل یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔ اجلاس میں ماس ٹرانزٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مزید ڈبل ڈیکر اور ہائبرڈ بسیں چلانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ااجلاس میں شہریوں کو ماحول دوست اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں محفوظ و باوقار سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، حکومت سندھ عوام کو جدید، محفوظ اور معیاری ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، کراچی سمیت پورے سندھ میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو مرحلہ وار جدید بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین، طلبہ اور روزانہ سفر کرنے والے شہریوں کی سہولت حکومت کی اولین ترجیح ہے، ای وی بسوں، ہائبرڈ ٹرانسپورٹ اور پنک اسکوٹیز جیسے منصوبے نہ صرف ماحول دوست ہیں بلکہ شہریوں کے لیے معاشی طور پر بھی فائدہ مند ثابت ہوں گے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اجلاس کے دوران متعلقہ حکام کو ہدایات دیں کہ جاری منصوبوں کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ عوام جلد از جلد ان سہولیات سے مستفید ہوسکیں۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button