سندھ حکومت کے ترقیاتی اقدامات کے اثرات نمایاں، کراچی میں ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے منصوبے تیزی سے جاری
بی آر ٹی یلو لائن تکمیل کے قریب، کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی اور سڑکوں کی بہتری کے منصوبوں پر پیش رفت، شرجیل انعام میمن

صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبوں کے مثبت اثرات اب واضح طور پر عوام تک پہنچنے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی، انفراسٹرکچر کی بہتری اور مختلف شعبوں میں ترقی کے لیے حکومت مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کی ترجیحات میں شہریوں کو جدید، محفوظ اور باوقار سفری سہولیات فراہم کرنا شامل ہے تاکہ کراچی کے عوام کو روزمرہ سفر میں آسانی میسر آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ اسی مقصد کے تحت شہر کے ٹرانسپورٹ نظام کو بہتر بنانے کے لیے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بی آر ٹی یلو لائن منصوبہ تیزی سے تکمیل کی جانب بڑھ رہا ہے اور اس کی تکمیل کے بعد کراچی کے شہریوں کو جدید اور آرام دہ سفری سہولت میسر آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے شہر میں ٹریفک کے مسائل میں کمی آئے گی اور عوام کو بہتر پبلک ٹرانسپورٹ فراہم ہو سکے گی۔
شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کے منصوبے پر بھی سنجیدہ منصوبہ بندی جاری ہے۔ اس منصوبے کا مقصد شہر کے مختلف علاقوں کو جدید ریل سروس کے ذریعے آپس میں منسلک کرنا ہے تاکہ شہریوں کو آمد و رفت کے لیے ایک مؤثر اور قابل اعتماد نظام فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کراچی کی سڑکوں اور مجموعی انفراسٹرکچر کی بہتری پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر اور بحالی کا کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ کئی مقامات پر تعمیراتی سرگرمیاں بدستور جاری ہیں۔
صوبائی وزیر کے مطابق مختلف اہم شاہراہوں کی تعمیر و مرمت، نئے فلائی اوورز اور انڈر پاسز کی تعمیر کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے تاکہ ٹریفک کے دباؤ کو کم کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ شہر کے ڈرینیج سسٹم کو بہتر بنانے کے لیے بھی مختلف منصوبے شروع کیے گئے ہیں تاکہ بارشوں کے دوران شہریوں کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صنعتی زونز کی ترقی، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور جدید انفراسٹرکچر کی فراہمی کے ذریعے صوبے میں معاشی سرگرمیوں کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کا مقصد صرف ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرنا نہیں بلکہ ان کی بروقت اور مؤثر تکمیل کو یقینی بنانا ہے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف اور سہولت فراہم کی جا سکے۔
رپورٹ: عبدالمومن



