قومی

شہداء کی قربانیاں قوم کا فخر، ان کے بچوں کی تعلیم ہماری ذمہ داری ہے: حافظ طارق محمود

بنوں میں شہید لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز تنولی کی قبر پر حاضری، بچوں کی تعلیم اسپانسر کرنے کا اعلان

حکومت خیبر پختونخوا کے ریجنل انفارمیشن آفس ایبٹ آباد کی جانب سے جاری ہینڈ آؤٹ کے مطابق چیف کمشنر پاکستان بوائے سکاؤٹس ایسوسی ایشن حافظ طارق محمود نے کہا ہے کہ پاک فوج کے شہداء کی لازوال قربانیوں کی بدولت آج ہم سکون اور امن کی زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے فوجی جوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے اور اپنے خاندانوں سے دور رہ کر وطن عزیز کی حفاظت یقینی بناتے ہیں، جس پر پوری قوم انہیں خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار بنوں میں شہید لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز تنولی کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہید کی خدمات کو زبردست الفاظ میں سراہا اور کہا کہ شہداء قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں جن کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

چیف کمشنر نے بتایا کہ شہید لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز تنولی کا تعلق پاکستان اسکاؤٹ کیڈٹ کالج بٹراسی سے تھا اور دوران تعلیم ان کا کردار مثالی رہا۔ انہوں نے کہا کہ بطور بٹراسین ہمیں ان پر فخر ہے کہ انہوں نے نہ صرف تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھائی بلکہ عملی زندگی میں بھی جرات اور بہادری کی مثال قائم کی۔

حافظ طارق محمود نے اعلان کیا کہ وہ شہید کے دو کمسن بچوں کی تعلیم کے اخراجات برداشت کرنے کے لیے تیار ہیں تاکہ انہیں بہترین تعلیمی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ کی کفالت اور ان کے بچوں کی تعلیم و تربیت ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے اور سکاؤٹس اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

اس موقع پر پاکستان بوائے سکاؤٹس ایسوسی ایشن اسلام آباد کے عبدالستار گل، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن پاکستان بوائے سکاؤٹس ایسوسی ایشن زاہد محمود، یوتھ پروگرام کے قاضی تیمور، پرنسپل پاکستان اسکاؤٹ کیڈٹ کالج بٹراسی اور سینئر فیکلٹی ممبر توقیر السلام بھی موجود تھے۔

سکاؤٹس کیڈٹ کالج بٹراسی کے کیڈٹس نے شہید کو سلامی پیش کی اور قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ وفد نے شہید کے لواحقین سے ملاقات کر کے تعزیت کی اور دعا و مغفرت کی۔ اس موقع پر شہید کے دونوں کمسن بیٹے بھی موجود تھے، جن سے وفد نے خصوصی ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

تقریب کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا اور ان کے مشن کو جاری رکھا جائے گا۔

رپورٹ: عبدالمومن

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button