شدید برف باری میں گلیات کا تفصیلی دورہ، اعلیٰ انتظامی افسران فیلڈ میں متحرک
ڈی پی او ایبٹ آباد اور ڈپٹی کمشنر کا نتھیاگلی و گردونواح کا دورہ، امدادی سرگرمیوں کا جائزہ، سیاحوں کو احتیاطی تدابیر کی ہدایت
شدید برف باری کے باعث گلیات کے مختلف علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان اور ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم نے نتھیاگلی اور گردونواح کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران دونوں اعلیٰ افسران نے جاری امدادی و ریسکیو سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور موقع پر موجود رہتے ہوئے عملی طور پر امدادی کاموں میں حصہ لیا۔
ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر نے فیلڈ میں موجود پولیس اہلکاروں اور امدادی کارکنوں کو واضح ہدایات جاری کیں کہ عوام اور سیاحوں کی بروقت مدد، رہنمائی اور تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ افسران نے مختلف مقامات پر سیاحوں سے ملاقات بھی کی، موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
اعلیٰ انتظامی افسران نے عوام الناس سے اپیل کی کہ شدید برف باری کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، جبکہ ناگزیر صورت میں سفر سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال سے مکمل آگاہی حاصل کریں۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے مسلسل اقدامات جاری ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر اور بروقت انداز میں نمٹا جا سکے اور عوام و سیاح محفوظ رہیں۔



