عالمیقومی

چیئرمین سینیٹ کی سیو دی چلڈرن پاکستان سے ملاقات

بچوں کی فلاح و تحفظ کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے سیو دی چلڈرن پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر نے ملاقات کی، جس میں بچوں اور کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے جاری اور آئندہ منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد۔12 جنوری: سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے پیر کے روز سیو دی چلڈرن پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ کو ملک بھر میں بچوں اور کمزور طبقات کی بہتری کے لیے جاری مختلف پروگرامز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں تعلیم، تحفظ اطفال، صحت و غذائیت، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی سرگرمیوں اور کمیونٹی کی استعداد کار میں اضافے سے متعلق منصوبوں پر روشنی ڈالی گئی۔ اس موقع پر پسماندہ اور بحران سے متاثرہ علاقوں میں جاری پروگرامز کے مثبت اثرات، اب تک حاصل ہونے والی پیش رفت اور جغرافیائی دائرہ کار سے بھی آگاہ کیا گیا۔

ملاقات کے دوران سیو دی چلڈرن پاکستان کی آئندہ حکمت عملی اور ترجیحات پر بھی گفتگو ہوئی، جن میں قومی ترقیاتی اہداف کے ساتھ انسانی ہمدردی کی کوششوں کو ہم آہنگ بنانے اور بچوں کے لیے پائیدار نتائج کے حصول کے لیے سرکاری اداروں کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بچوں کے حقوق کے فروغ اور بنیادی سہولیات تک رسائی بہتر بنانے میں سیو دی چلڈرن پاکستان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم، تحفظ اطفال اور صحت کی مساوی سہولیات جیسے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے حکومت، سول سوسائٹی اور ترقیاتی شراکت داروں کے درمیان مربوط کوششیں ناگزیر ہیں۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے بچوں اور کمزور آبادیوں کی فلاح و تحفظ کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے باہمی رابطے اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

 

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button