قومی

شہید ذوالفقار علی بھٹو کی زندگی اور قیادت نے پاکستان کی تاریخ پر گہرے اثرات مرتب کیے، صدر آصف علی زرداری ذ

ذوالفقار علی بھٹو ہماری قومی تاریخ کی عہد ساز اور دائمی متاثر کن شخصیت ہیں، یومِ پیدائش پر صدرِ مملکت کا پیغام ت

اسلام آباد، 4 جنوری (اے پی پی): صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 98ویں یومِ پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج ہم ایک ایسے عظیم اور بلند پایہ سیاستدان کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں جن کی زندگی اور قیادت نے پاکستان کی تاریخ پر گہرے اور دیرپا اثرات مرتب کیے۔

اتوار کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری پیغام میں صدرِ مملکت نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو قومی سیاسی تاریخ میں ایک عہد ساز رہنما کے طور پر ابھرے اور آج بھی ایک مسحور کن اور متاثر کن شخصیت کے طور پر یاد کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد انصاف، مساوات اور تمام شہریوں کو بااختیار بنانے کے وژن پر رکھی۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں 1973 میں متفقہ طور پر پاکستان کا پہلا آئین تشکیل پایا جو ملک کے پارلیمانی جمہوری اور وفاقی نظام کی بنیاد ہے۔ انہوں نے محروم اور پسے ہوئے طبقات کے حقوق کے لیے جدوجہد کی، بے آوازوں کو آواز دی اور زرعی اصلاحات، مزدوروں کے تحفظ، تعلیم اور عوامی خدمات کے فروغ کے ذریعے کسانوں، محنت کشوں، خواتین اور پسماندہ طبقات کو باوقار زندگی کے مواقع فراہم کیے۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے کلیدی معمار بھی تھے جس نے ملکی خودمختاری، دفاعی صلاحیت اور قومی سلامتی کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ ان کی مدبرانہ قیادت نے پاکستان کی آزاد خارجہ پالیسی کو استحکام دیا اور دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔ انہوں نے 1974 میں تاریخی اسلامی سربراہی کانفرنس کی میزبانی کی جس سے عالمِ اسلام میں تعاون اور یکجہتی کو فروغ ملا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آج ہم نہ صرف ان کی عظیم خدمات کو یاد کر رہے ہیں بلکہ مشکلات کے مقابلے میں ان کے عزم، حوصلے اور جمہوری اقدار سے غیر متزلزل وابستگی کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو کی اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی غیر معمولی صلاحیت کے باعث قلیل مدت میں پاکستان کا پہلا جمہوری، وفاقی اور پارلیمانی آئین تشکیل پایا جو ”ایک فرد، ایک ووٹ“ کے اصول پر مبنی تھا۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ آج قوم کو پہلے سے کہیں زیادہ اسی نوعیت کے قومی اتفاقِ رائے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی زندگی ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ قومی ترقی کا دارومدار عوامی شمولیت، قومی عزم اور عوام کی خدمت کے جذبے پر ہوتا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 98ویں یومِ پیدائش کے موقع پر آئیے ان کے انصاف پر مبنی، جمہوری اور روشن مستقبل کے وژن کو آگے بڑھانے کے عزم کی تجدید کریں۔ دعا ہے کہ ان کی سیاسی اور فکری میراث ہمیں امن، خوشحالی اور قومی اتحاد کے لیے مسلسل رہنمائی فراہم کرتی رہے۔

پاکستان زندہ باد

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button