زیرو ٹالیرنس پالیسی جرائم کے خلاف ایک موثر ہتھیار ثابت ہوئی ہے،وزیرداخلہ سندھ
وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار سے آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی ملاقات

کراچی وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار سے نئے آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ملاقات کی۔ملاقات میںصوبے میں امن و امان اور سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران جرائم کے سدباب، اسٹریٹ کرائم اور منظم جرائم کے خلاف موثر حکمت عملی پر غور کیا گیا جبکہ کچے کے علاقے میں امن قائم کرنے،ڈاکوئوں کے خاتمے اور ریاستی رٹ کے قیام کے لیے سندھ حکومت کی جامع حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیرداخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہاکہ جرائم پیشہ عناصر کو کسی صورت سراٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل اختیارات کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھیں گے۔وزیر داخلہ سندھ نے کہاکہ زیرو ٹالیرنس پالیسی جرائم کے خلاف ایک موثر ہتھیار ثابت ہوئی ہے جو ڈاکوئوں اور جرائم پیشہ عناصر کے لیے خوف کی علامت بن چکی ہے۔عوام کا تحفظ،جان و مال کا تحفظ اور امن کا قیام حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے۔وزیر داخلہ سندھ نے صوبے بھر میں بلا تفریق قانون کی عملداری یقینی بنانے اور جرائم کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہارکیا۔آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہاکہ حکومتی پالیسی کو فالو کرینگے۔آپکے وژن کے مطابق کراچی سمیت صوبے بھر سے جرائم کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔



