وزیر داخلہ محسن نقوی سے فیصل کریم کنڈی کی ملاقات
خیبر پختونخوا میں قیامِ امن کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں خیبر پختونخوا میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور درپیش سیکیورٹی چیلنجز سے وفاقی وزیر داخلہ کو آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں قیامِ امن کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا کے عوام اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے صوبائی حکومت، وفاقی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان قریبی تعاون ناگزیر ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے قیامِ امن کے لیے وفاقی حکومت کی حمایت اور تعاون پر وفاقی وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔



