آپریشن ختم، تمام 33 دہشتگرد جہنم واصل، مسافر بحفاظت بازیاب: ڈی جی آئی ایس پی آر

لاہور:ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ آپریشن ختم ہو چکا، موقع پر موجود تمام 33 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے، کارروائی کے دوران یرغمال مسافروں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ 11 مارچ کو دہشت گردوں نے بولان میں ریلوے ٹریک کو نشانہ بنایا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس میں موجود مسافروں کو یرغمال بنایا، دہشت گرد دوران آپریشن افغانستان میں رابطے میں تھے، دہشت گرد مسافروں کو شیلڈ کے طور پر استعمال کر رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ بازیابی کا آپریشن فوری طور پر شروع کیا گیا، بازیابی کے آپریشن میں پاک فوج، ایئر فورس، ایف سی اور ایس ایس جی کے جوانوں نے حصہ لیا، دہشت گردوں نے تین ٹولیوں میں مسافروں کو بٹھایا ہوا تھا، مرحلہ وار یرغمالیوں کو بازیاب کرایا گیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ موقع پر موجود تمام دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے، دہشت گردوں کی کل تعداد 33 تھی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آج بھی خواتین، بچوں کو بازیاب کرایا گیا، کلیئرنس آپریشن میں کسی مسافر کو نقصان نہیں پہنچا، آپریشن میں بڑی احتیاط برتی گئی۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ فائنل آپریشن سے پہلے حیوانی دہشت گرد 21 معصوم جانیں لے چکے تھے جبکہ 4 ایف سی کے جوان شہید ہوئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقہ دشوار گزار ہے اور آبادی سے دور ہے، بیرونی آقاؤں کی ایما اور سہولت کاری کے ذریعے معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا گیا، دہشت گردوں نے یرغمالیوں کو انسانی شیلڈ کے طور پر استعمال کیا، دہشت گردوں کا دین اسلام اور بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ہم نے بغیر نقصان کے یرغمالیوں کو فائنل آپریشن میں بازیاب کرایا، فائنل کلیئرنس آپریشن میں کسی مسافر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، بڑی احتیاط اور پروفیشنل طریقے سے آپریشن کیا گیا۔



