قومی

پی آر اوز ترقیاتی منصوبوں کی موثر تشہیرکو یقینی بنائیں۔ ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ

محکمہ اطلاعات حکومت سندھ کا ترجمان ہے ،عوام کو آگاہی دینے کے لئے فرائض مزید لگن سے ادا کیئے جائیں۔ پی آر اوز کے اجلاس سے خطاب

کراچی ۔ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ محکمہ اطلاعات حکومت سندھ محمد سلیم خان نے مختلف محکموں اور وزراء کے ساتھ منسلک افسران تعلقات عامہ پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے فرائض مزید لگن،تندہی اور محنت سے ادا کریں تاکہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی بروقت اور موثر تشہیر کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ار اوز کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن علیم خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ نے کہا کہ محکمہ اطلاعات صوبائی حکومت کے ترجمان کی حیثیت رکھتا ہے اور صوبائی محکموں کے ترقیاتی منصوبوں کو پرنٹ ،الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے عوام تک پہنچانے کی ذمہ داری اس پر عائد ہوتی ہے ۔افسران تعلقات عامہ اس ذمہ داری کو احسن طریقے سے سرانجام دیں اور یہ ان کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے افسران پر مزید زور دیا کہ وہ ترقیاتی منصوبوں پر مضامین بھی لکھیں تاکہ ان کے ثمرات سے عوام کو آگاہ کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حقائق کے منافی خبروں کی فوری تردید اور وضاحت بھی جاری کی جائے تاکہ حکومت کا نقطہ نظر سامنے آسکے ۔افسران نے دفاتر ، رہائش ،موبائل الاؤنس اور دیگر مسائل سے ڈائریکٹر جنرل کو آگاہ کیا اور ان کے حل کی درخواست کی۔ ڈائریکٹر جنرل نے افسران کو یقین دلایا کہ ان مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ اجلاس میں افسران تعلقات عامہ معین الدین، محمد عمران، سعید میمن ،عاطف حسین وگھیو،سیدسعد علی ، فرحت امتیاز جانوری، فاروق ممتاز ،مراد وحید، ،شبیرعلی بابر،آصف ڈیرو،سہیل احمد جوکھیو،کینجھر فیاض میمن اور عمران سانگی موجود تھے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button