Businessعالمیقومیہزارہ

🔴 کیپرا کی شاندار کارکردگی: مالی سال 2025-26 کے پہلے چھ ماہ میں سیلز ٹیکس آن سروسز سے آمدنی میں 30 فیصد اضافہ

جولائی تا دسمبر کے دوران سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں 23.26 ارب روپے وصول، مؤثر حکمت عملی اور ٹیکس نیٹ کی توسیع کا نتیجہ

خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی (کیپرا) نے مالی سال 2025-26 کے پہلے چھ ماہ (جولائی تا دسمبر) کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں 30 فیصد اضافے کے ساتھ 23.26 ارب روپے کے محاصل جمع کر لیے ہیں، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ وصولیاں 17.92 ارب روپے تھیں۔
کیپرا کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں 5.34 ارب روپے کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو صوبے بھر میں سروسز سیکٹر میں ٹیکس نیٹ کے دائرہ کار میں وسعت، بہتر انفورسمنٹ اور مؤثر حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق کیپرا نے رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران مجموعی طور پر 26.62 ارب روپے کے محاصل اکٹھے کیے، جن میں 23.26 ارب روپے سیلز ٹیکس آن سروسز جبکہ 3.36 ارب روپے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس (IDC) کی مد میں وصول کیے گئے۔ اس کے مقابلے میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں کیپرا کے مجموعی محاصل 23.81 ارب روپے تھے، جن میں سیلز ٹیکس آن سروسز سے 17.92 ارب روپے اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کی مد میں 5.89 ارب روپے شامل تھے۔
ڈائریکٹر جنرل کیپرا فوزیہ اقبال نے ادارے کے افسران اور عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیلز ٹیکس آن سروسز میں نمایاں اضافہ مؤثر منصوبہ بندی، بہتر انفورسمنٹ اور کیپرا افسران کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ
“سیلز ٹیکس آن سروسز میں شاندار اضافہ کیپرا ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارت، منظم حکمت عملی اور بھرپور محنت کی عکاسی کرتا ہے۔ اسی جذبے کے ساتھ کیپرا رواں مالی سال کے مقررہ اہداف حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔”
ڈائریکٹر جنرل نے ٹیکس دہندگان کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اعتماد، تعاون اور شراکت داری نے کیپرا کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا جناب محمد سہیل آفریدی اور وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خزانہ جناب مزمل اسلم کی رہنمائی اور تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کی قیادت کیپرا میں اصلاحات کے نفاذ اور محصولات میں اضافے کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button