کرتار پور اور ننکانہ صاحب موٹر ویز سے منسلک، وفاقی وزیر مواصلات کی ہدایت پراین ایچ اے کا اہم اقدام
عالمی معیار کے ہوٹل اور ریسٹ ہاؤس بنیں گے، منصوبہ ملحقہ شہروں کیلئے گیم چینجز ہوگا،عبدالعلیم خان
اسلام آباد۔وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کرتار پور اور ننکانہ صاحب کو قومی موٹر وے نیٹ ورک سے منسلک کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات نے سیالکوٹ سے کرتار پور موٹروے کی تعمیر پر فوری کام شروع کرنے کی ہدایت دی ہے، جسے "گرو نانک ایکسپریس وے” کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ اس منصوبے کے گردوپیش میں بین الاقوامی معیار کے تھری، فور اور فائیو اسٹار ہوٹل تعمیر کیے جائیں گے تاکہ زائرین کو بہترین سہولیات میسر ہوں۔ انہوں نے این ایچ اے کو ہدایت کی کہ سکھ کمیونٹی کی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے لندن، کینیڈا اور امریکہ میں بڑے پیمانے پر تشہیری مہم چلائی جائے اور ان منصوبوں کو عالمی روڈ شوز کا حصہ بنایا جائے۔وفاقی وزیرعبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ یہ منصوبے خطے کے لیے "گیم چینجر” ثابت ہوں گے، جس سے نہ صرف مذہبی سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ نارنگ منڈی اور بدو ملہی جیسے ملحقہ شہروں کے عوام بھی مستفید ہوں گے۔ این ایچ اے ان راستوں پر عالمی معیار کے ریسٹ ایریاز اور شاپنگ مالز کی تعمیر کو بھی یقینی بنائے گا۔
٭٭٭


