کھیلوں کی دنیا

پی ایس ایل فائنل دیکھنے کیلئے شائقین نے قذافی سٹیڈیم کا رخ کر لیا

شہریوں کیلئے شٹل سروس اور پارکنگ کا اہتمام ، گڑھی شاہو کے دانش نے سب سے پہلے سٹیڈیم پہنچنے کا اعزاز حاصل کر لیا

لاہور (پاکستانی پوسٹ نیوز ) پاکستان جیت گیا امن کے دشمنوں کو شکست ہوگئی ۔ پاکستان سپر لیگ کا سپر مقابلہ رات آٹھ بجے ہوگا ، شائقین کرکٹ نے قذافی سٹیڈیم لاہور کا رخ کرلیا ۔ تین بجتے ہی سٹیڈیم کے دروازے کھول دیئے گئے ۔ ہر طرف جنون ہی جنون ہے ، دھڑکنیں تیز ہیں ، دنیا بھر کی نظریں پی ایس ایل فائنل پر جمی ہیں ۔ پاکستان جیت گیا امن کے دشمن ہار گئے ، زندہ دلوں کے شہر میں پی ایس ایل کا میدان سج گیا ، کھیل بھی خوب جمے گا ۔ رات آٹھ بجے چوکوں اور چھکوں کی بارش ہوگی ، بڑے میچ کو دیکھنے کیلئے شائقین کی بڑی تعداد نے قذافی سٹیڈیم کا رخ کیا ، شہریوں کیلئے شٹل سروس اور پارکنگ کا بھی اہتمام تھا ، کسی کو کوئی پریشانی نہیں ہوئی ۔ شائقین جوق در جوق پہنچے ۔ فائنل دیکھنے پستہ قد نوبیاہتا جوڑا بھی پہنچا ۔ معذور جوڑے کی بھی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ تھا ۔ گڑھی شاہو کا دانش سب پر بازی لے گیا ، سب سے پہلے سٹیڈیم پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا ۔ قذافی سٹیڈیم کے باہر طالبات کو ٹکٹ کی فراہمی کیلئے بھی خصوصی انتظامات تھے جنہوں نے لائن بنائی اور ٹکٹ کٹائی ۔ آج بھی پی ایس ایل فائنل کے ٹکٹوں کی بلیک میں فروخت جاری رہی ، چار ہزار کا ٹکٹ آٹھ میں اور پانچ سو والا ڈھائی ہزار میں فروخت ہوا ۔ گراؤنڈ کے اطراف سیکورٹی سیکورٹی ہے ، واک تھرو گیٹ بھی لگے ہیں ۔ شہریوں کو جامہ تلاشی لیکر جانے دیا گیا ۔ پی ایس ایل کی رنگا رنگ اختتامی تقریب شام چھ بجے ہوگی جس میں علی ظفر علی عظمت اور فاخر آواز کا جادو جگائیں گے ، رنگ و نور کی برسات بھی ہوگی ۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button