پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا انعامی اسکواش ٹورنامنٹ
کراچی اوپن انٹرنیشنل اسکواش ایونٹ 6 جنوری سے شروع ہوگا

پاکستان کی تاریخ میں سب سے بڑی انعامی رقم کا حامل کراچی اوپن انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ 6 جنوری سے ڈی ایچ اے کریک کلب کراچی میں شروع ہوگا، جو 11 جنوری تک جاری رہے گا۔
اس حوالے سے سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور سابق عالمی چیمپین جہانگیر خان اور ٹورنامنٹ ڈائریکٹر عدنان اسد نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹورنامنٹ کی مجموعی انعامی رقم 2 لاکھ 42 ہزار ڈالر رکھی گئی ہے، جو پاکستان کی اسکواش تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چھ روزہ ایونٹ میں مینز اور ویمن دونوں مقابلے ہوں گے، جن میں ہر ایونٹ کے لیے ایک لاکھ 20 ہزار 500 ڈالر کی مساوی انعامی رقم مختص کی گئی ہے۔ یہ ٹورنامنٹ پی ایس اے ورلڈ ٹور گولڈ ایونٹ کا حصہ ہے، جس میں دنیا کے نامور مرد اور خواتین کھلاڑی شرکت کریں گے۔
مینز ایونٹ کی تفصیلات
مینز ایونٹ میں مصر کے عالمی نمبر 4 کریم جواد ٹاپ سیڈ ہوں گے، جبکہ مصر ہی کے عالمی نمبر 7 مروان الشورباگی کو دوسری سیڈ دی گئی ہے۔
پاکستان کی نمائندگی چار کھلاڑی کریں گے جن میں عالمی انڈر 23 چیمپین اور عالمی نمبر 38 نور زمان، عالمی نمبر 47 محمد اشعد عرفان شامل ہیں، جبکہ سابق قومی چیمپین ناصر اقبال اور طیب اسلم کو وائلڈ کارڈ انٹری دی گئی ہے۔
ویمن ایونٹ کی تفصیلات
ویمن ایونٹ میں مصر کی عالمی نمبر 4 امینہ عرفی ٹاپ سیڈ ہوں گی جبکہ ملائیشیا کی عالمی نمبر 7 سیوا سانگری دوسری سیڈ ہوں گی۔
پاکستان کی جانب سے خصوصی صلاحیتوں کی حامل کھلاڑی ثنا بہادر اور مریم ملک کو وائلڈ کارڈ انٹری دی گئی ہے۔
بھارتی کھلاڑیوں کی عدم شرکت
پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ بھارت کے مرد و خواتین کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے انٹری نہیں کرائی۔ بھارتی کھلاڑیوں کی عدم شرکت کو کھیل میں سیاست کی مثال قرار دیا گیا۔
آئندہ سال پلاٹینم ایونٹ
جہانگیر خان نے بتایا کہ آئندہ برس کراچی اوپن کو پلاٹینم ایونٹ کا درجہ دیا جائے گا، جس میں 10 لاکھ ڈالر کی ریکارڈ انعامی رقم رکھی جائے گی۔
جہانگیر خان کا مؤقف
اس موقع پر اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان نے کہا کہ پاکستان کا کھویا ہوا عالمی مقام دوبارہ حاصل کرنے کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور سندھ حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایونٹ کے لیے 2 لاکھ ڈالر کی گرانٹ قابل تحسین اقدام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کے پرامن انعقاد سے دنیا میں پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر ہوگا اور کھیلوں کو سیاست سے دور رکھا جانا چاہیے۔



