پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے، شرجیل انعام میمن
افغان طالبان رجیم کی پالیسیوں پر کڑی تنقید، خطے میں امن و استحکام کے عزم کا اعادہ

کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج اور سیکیورٹی اداروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے، جو ہر مشکل گھڑی میں ملک کی سالمیت اور عوام کے تحفظ کے لیے سیسہ پلائی دیوار بنی رہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ہر بار دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے اور آئندہ بھی کسی قسم کی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔
شرجیل انعام میمن نے افغان طالبان رجیم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں برسرِ اقتدار طالبان حکومت احسان فراموشی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغان عوام اور پناہ گزینوں کے لیے تعاون، بھائی چارے اور برادرانہ تعلقات کو ترجیح دی، مگر موجودہ افغان حکام نے پاکستان کے اعتماد اور حسنِ نیت کو نظرانداز کیا اور جارحانہ اقدامات کی راہ اپنائی۔
انہوں نے کہا کہ اس بار بھی ناکامی افغان طالبان رجیم کا مقدر بنے گی۔ “ایسا سبق سکھائیں گے کہ وہ آئندہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھیں گے،” انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا۔ صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور اس نے کبھی کسی ملک کے خلاف جارحیت کا آغاز نہیں کیا، تاہم اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
شرجیل میمن نے الزام عائد کیا کہ افغانستان میں طالبان رجیم بھارت کی پراکسی کے طور پر پاکستان کے خلاف سرگرم ہے۔ ان کے مطابق بھارت براہِ راست تصادم سے گریز کرتے ہوئے طالبان کے ذریعے پاکستان کے خلاف کارروائیوں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کمزور سمجھنے کی غلطی کسی کو نہیں کرنی چاہیے کیونکہ ملک کی افواج اور عوام متحد ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے مسائل کو ہمیشہ مذاکرات اور ڈائلاگ کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی ہے، مگر اگر کوئی فریق جارحیت کا راستہ اختیار کرے گا تو اس کے خلاف مناسب اور فوری اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان طالبان کی کارروائیاں پاکستان کی قومی سلامتی یا عوام کے تحفظ کو کمزور نہیں کر سکتیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے اور سیاسی و سفارتی سطح پر ہر دشمن کے ناپاک عزائم کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ملک کی حفاظت ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔
رپورٹ: عبدالمومن



