وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا پاسپورٹ نظام میں انقلابی اقدام
جدید مانیٹرنگ سسٹم ’’شکرا‘‘ کا باقاعدہ افتتاح، ریئل ٹائم نگرانی ممکن

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملک کے پاسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس میں جدید ترین مانیٹرنگ سسٹم ’’شکرا‘‘ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس نئے نظام کے نفاذ کے بعد پاکستان کا پاسپورٹ سسٹم دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے ہم پلہ ہو گیا ہے، جس سے نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے پاسپورٹ کی درخواستوں اور ڈیلیوری کے تمام مراحل کی ریئل ٹائم نگرانی ممکن ہو گئی ہے۔
وزیر داخلہ کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ’’شکرا‘‘ سسٹم (سیکوئر ہائبریڈ انٹیلیجنس فار نالج بیسڈ ریسپانس اینالیٹکس) ایک جدید ڈیجیٹل ڈیش بورڈ ہے، جو پاسپورٹ کے اجرا کے ہر مرحلے کی خودکار نگرانی کرے گا۔ یہ نظام دفاتر میں غیر معمولی رش، پاسپورٹ پرنٹنگ میں تاخیر، مشینری کی کارکردگی اور مجموعی ورک فلو کی فوری نشاندہی کرے گا، جس سے انتظامی فیصلے بروقت اور مؤثر انداز میں کیے جا سکیں گے۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ انسانی مداخلت کو کم سے کم کرنے کے لیے جدید جرمن مشینیں نصب کی جا چکی ہیں، جن سے پاسپورٹ پرنٹنگ کی استعداد کار میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف پاسپورٹ کے اجرا میں تیزی آئے گی بلکہ معیار اور سکیورٹی میں بھی نمایاں بہتری ممکن ہو سکے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر پاسپورٹ نظام میں مزید اصلاحات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی ٹریول ڈاکومنٹ کے نظام کو بھی مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے 24 گھنٹے فعال کال سنٹر اور جدید مانیٹرنگ روم قائم کر دیے گئے ہیں، جو عوام کو بہتر اور بروقت خدمات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کریں گے۔
محسن نقوی نے مانیٹرنگ روم، فرانزک لیب اور پروڈکشن یونٹ کا تفصیلی معائنہ کیا اور ڈی جی پاسپورٹس اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی پاسپورٹ کے سکیورٹی فیچرز اب بین الاقوامی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (ICAO) کے مقررہ عالمی معیار کے عین مطابق ہیں، جو پاکستان کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت کا اصل مقصد شہریوں کو عالمی معیار کی تیز رفتار، محفوظ اور شفاف خدمات فراہم کرنا ہے۔ نئے نظام کے ذریعے اب شہری اپنے پاسپورٹ کے ہر مرحلے سے متعلق معلومات حاصل کر سکیں گے، جس سے محکمے میں شفافیت بڑھے گی اور کرپشن یا ایجنٹ مافیا کا راستہ مکمل طور پر بند ہو جائے گا۔
تقریب میں ڈی جی ایف آئی اے، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔



