وزیراعظم کی زیر صدارت سول سروسز اصلاحات اور وزارتوں میں کارکردگی جانچ نظام پر اہم اجلاس
ملکی سول سروس کو عالمی معیار سے ہم آہنگ بنانے کے لیے جامع اصلاحات ناگزیر ہیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت مجوزہ سول سروسز اصلاحات اور وفاقی وزارتوں میں افسران کی کارکردگی جانچنے کے نظام سے متعلق ایک اہم جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سول سروسز کو جدید تقاضوں، بین الاقوامی معیار اور عوامی خدمت کے عالمی اصولوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مختلف اصلاحاتی تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سول سروس کسی بھی ریاست کے گورننس نظام اور عوامی فلاح و بہبود کا بنیادی ستون ہوتی ہے، اس لیے سول سروسز میں اصلاحات وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مؤثر عوامی خدمت، شفافیت اور احتساب کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں، اور اس مقصد کے حصول کے لیے سول سروسز کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وفاقی سیکرٹریز اور اعلیٰ سرکاری افسران کی کارکردگی جانچنے کے لیے ایک جامع، شفاف اور مؤثر نظام وضع کیا جائے، جس کی بنیاد پر ترقی، مالی فوائد اور دیگر سہولیات کا تعین کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران کی حوصلہ افزائی اور تحسین سول سروس کی مجموعی بہتری کے لیے نہایت ضروری ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ سول سروس اصلاحات کا بنیادی مقصد عوام کو بہتر، بروقت اور معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے، تاکہ عوام کی روزمرہ زندگی میں واضح بہتری محسوس کی جا سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ ملکی معاشی استحکام، سماجی ہم آہنگی اور ترقی و خوشحالی کے اہداف کے حصول کے لیے ہمہ جہت سول سروس اصلاحات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
اجلاس میں وزیراعظم نے سول سروسز اصلاحات کے لیے قائم کردہ کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ ارتقائی مگر مؤثر، قابلِ عمل اور دیرپا اصلاحاتی سفارشات جلد از جلد مرتب کرے۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحات کی تیاری کے دوران سول انتظامیہ، تمام سروسز اور گروپس کے اسٹیک ہولڈرز سے بامعنی اور جامع مشاورت کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افسران کی کارکردگی اور صلاحیتوں کو دورِ حاضر کے عصری تقاضوں، ڈیجیٹل گورننس اور عالمی سطح کے معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے خصوصی سفارشات تیار کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کارکردگی کی بنیاد پر ترقی اور مراعات کا نظام نہ صرف میرٹ کو فروغ دے گا بلکہ سرکاری مشینری میں بہتری اور عوامی اعتماد میں اضافے کا باعث بنے گا۔
سول سروسز اصلاحات پر قائم کردہ کمیٹی نے اجلاس میں اب تک کی مشاورت، مجوزہ اقدامات اور سفارشات پر وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے کمیٹی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ اصلاحات کو عملی جامہ پہنانے کے لیے واضح ٹائم لائن اور مانیٹرنگ میکانزم بھی تجویز کیا جائے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔


