قومی

وزارتوں کی کارکردگی رپورٹ سے خود احتسابی اور گورننس مضبوط ہوگی، طارق فضل چوہدری

وفاقی وزیر پارلیمانی امور کی پریس کانفرنس، مذاکرات کو قومی مسائل کے حل کا واحد راستہ قرار

وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ وزارتوں کی کارکردگی کی رپورٹ کا بنیادی مقصد خود احتسابی کے نظام کو مضبوط بنانا اور وزراء کو ان کی ذمہ داریوں کا پابند بنانا ہے۔ وزارت پارلیمانی امور کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ وزیراعظم محمد شہباز شریف کو ارسال کی جائے گی جبکہ میڈیا کے ذریعے عوام کے سامنے بھی پیش کی جائے گی۔

جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت وزارتوں کی کارکردگی کے ذریعے گورننس کے ماڈل کو مزید بہتر بنانا چاہتی ہے۔ جنوری تا دسمبر 2025ء کی رپورٹ وزیراعظم کی ہدایت پر تیار کی گئی ہے تاکہ عوام کو بتایا جا سکے کہ حکومت مختلف شعبوں میں کیا اقدامات کر رہی ہے۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ سرمایہ کاری، پاور سیکٹر، میری ٹائم افیئرز، مائنز اینڈ منرلز، خارجہ امور اور موسمیاتی تبدیلی جیسے اہم شعبوں میں کارکردگی میں بہتری نظر آ رہی ہے جبکہ ملکی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے تمام وزراء کو پابند کیا ہے کہ اپنی وزارتوں کی سالانہ کارکردگی قوم کے سامنے رکھیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت پارلیمانی امور کا کردار صرف شکایات کے ازالے تک محدود نہیں بلکہ یہ سیاسی اور عوامی نمائندگی کا مؤثر ذریعہ بھی ہے جو جمہوری عمل، سیاسی استحکام اور شفافیت کو فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت ہر قسم کے مذاکرات کیلئے تیار ہے کیونکہ کسی بھی مسئلے کا پائیدار حل بات چیت اور ڈائیلاگ سے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اتحادی جماعتوں کے ساتھ مسلسل رابطہ قائم ہے اور ان کی تجاویز اور تحفظات براہ راست وزیراعظم تک پہنچائے جاتے ہیں۔ حکومت نے سیاسی اختلافات کے حل کیلئے کھلی اور مثبت پالیسی اپنا رکھی ہے تاکہ قومی مسائل کو افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیا جا سکے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button