تعلیم و صحتقومیکھیلوں کی دنیا

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی کراچی میراتھن میں عوام کی بھرپور شرکت کی اپیل

کراچی میراتھن شہر کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی، میئر کراچی

کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے آئندہ ہونے والی ’’کراچی میراتھن‘‘ میں شہریوں سے زیادہ سے زیادہ شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایونٹ کراچی کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں نہایت اہم ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی کا کہنا تھا کہ کراچی میراتھن شہر کی روشن تصویر دنیا کے سامنے پیش کرے گی۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ آئندہ برس میراتھن کا انعقاد شہر کے اندر کیا جائے اور اس کا آغاز مزارِ قائد سے ہو۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن اور صوبائی حکومت اس سلسلے میں قیادت کریں گی۔
دوسری جانب کراچی میراتھن کے روحِ رواں شعیب نظامی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ میراتھن کے نئے روٹس کی منظوری حاصل کر لی گئی ہے اور جلد ہی ریس شہر کے اندر منعقد کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جیسے 1992 کے اولمپکس کے بعد بارسلونا دنیا کے نقشے پر ابھرا، ویسے ہی کراچی میراتھن جیسے ایونٹس شہر کو عالمی سطح پر متعارف کرائیں گے۔
واضح رہے کہ تیسری کراچی میراتھن اتوار، 4 جنوری 2026 کو منعقد ہوگی، جس کا آغاز اور اختتام سی ویو روڈ پر واقع نشانِ پاکستان سے ہوگا۔ یہ ریس ورلڈ ایتھلیٹکس سے تسلیم شدہ اور ایسوسی ایشن آف انٹرنیشنل میراتھنز اینڈ ڈسٹنس ریسز (AIMS) سے سرٹیفائیڈ ہے۔
رپورٹس کے مطابق میراتھن کے مختلف مقابلوں کے لیے 2 ہزار سے زائد رنرز رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، جبکہ 5 کلومیٹر ریس کے لیے رجسٹریشن جاری ہے اور اب تک 3 ہزار سے زائد افراد اندراج کرا چکے ہیں۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button