قومی

حکومت نمبرز پورے ہونے کے باوجود تمام جماعتوں سے مشاورت چاہتی ہے : بلاول بھٹو

اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری کا کہنا ہے کہ دو تہائی اکثریت کیلئے نمبر پورے ہیں تاہم حکومت نمبر پورے ہونے کے باوجود تمام جماعتوں سے مشاورت چاہتی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی کا تفصیلی اجلاس ہوا، پیپلز پارٹی کا مسودہ ہم نے کمیٹی میں پیش کیا، آئینی عدالت اور ججوں کے تقرر کے طریقہ کار کے حوالے سے وکلاء تنظیموں کا موقف پیش کیا گیا جبکہ حکومت نے بھی اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہم نے یہ ڈرافٹ حکومت کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں کے سامنے پیش کیا، اس کے علاوہ حکومت نے جو وکلاء سے بحث کی اس کے نکات بھی اس کمیٹی میں پیش ہوئے۔
چئیرمین پی پی پی کا مزید کہنا تھا اپوزیشن جماعتوں نے بھی آئینی ترمیم پر تبصرہ کیا، مولانا فضل الرحمن نے پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر متفقہ مسودہ تیار کرنے کا عزم دہرایا، امید ہے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ بامعنی گفتگو ہو گی، حکومت بھی پر عزم ہے۔
وزیر قانون نے کہا کہ آج کمیٹی کے اجلاس میں کافی تجاویز سامنے آئی ہیں، سیاسی جماعتوں کے ساتھ اتفاق رائے کرکے آئینی ترمیم ہو کوشش بھی یہی تھی، آج بھی یہی بات کہتے ہیں کل بھی یہی کوشش ہوگی ، ہم صرف مخالفت برائے مخالفت نہیں کرنا چاہتے،ا گر حکومت واقعی دو تہائی اکثریت رکھتی ہے اور مشترکہ مسودہ لاناچاہتی ہے تو یہ بہترین کام ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ لیکن حکومت دیگر سارے کام چھوڑ کر کب تک انتظار کرے کہ مشترکہ ڈرافٹ بن جائے، ہم نےاس سے پہلے بھی ترامیم مشاورت سے کرائی ہیں لیکن حکومت کا مؤقف بھی وزن رکھتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ کل کمیٹی کا اجلاس 12 بجے پھر ہوگا، ہیجان کی جو کیفیت پیدا کررکھی تھی وہ کم از کم ختم ہوگئی ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button