وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف کی شمالی بحیرۂ عرب میں کامیاب بحری مشق پر پاک بحریہ کو مبارکباد
جامع بحری مشق پاک بحریہ کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیت، جنگی تیاری اور سمندری دفاعی عزم کی عکاس ہے، وزیرِ دفاع

وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے شمالی بحیرۂ عرب میں پاک بحریہ کی جانب سے جامع بحری مشق کے کامیاب انعقاد پر پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ ہفتہ کے روز وزارتِ دفاع سے جاری ہونے والے ایک سرکاری بیان میں وزیرِ دفاع نے کہا کہ یہ بحری مشق پاک بحریہ کی اعلیٰ آپریشنل تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور جدید جنگی صلاحیتوں کا عملی مظہر ہے۔
وزیرِ دفاع نے کہا کہ پاک بحریہ نے ہمیشہ ملکی سمندری سرحدوں کے تحفظ، بحری تجارتی راستوں کے دفاع اور قومی سلامتی کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ شمالی بحیرۂ عرب میں ہونے والی اس جامع مشق نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاک بحریہ ہر قسم کے روایتی اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
خواجہ محمد آصف نے پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور قومی جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو اپنی بحری افواج پر فخر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پاک بحریہ کی استعداد کار میں مزید اضافے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
وزیرِ دفاع نے کہا کہ پاکستان کے سمندری مفادات کا تحفظ قومی سلامتی کا اہم جزو ہے اور پاک بحریہ اس ذمہ داری کو احسن انداز میں نبھا رہی ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاک بحریہ مستقبل میں بھی ملکی دفاع کے لیے اسی جذبے اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اپنی خدمات انجام دیتی رہے گی۔



