ایران سے پابندی ہٹنے سے پاکستان سمیت دنیا بھر کو فائدہ ہوگا، بلاول بھٹو

کراچی پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے ایران سے پابندی ہٹنے سے پاکستان سمیت دنیا بھر کو فائدہ ہوگا، پاکستان ایک بار پھر عالمی سطح پر ایک اہم سفارتی کھلاڑی بن کر سامنے آ رہا ہے، جسے نظر انداز کرنا ناممکن ہے۔میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ "اسلام آباد معاہدے کے بعد اب پوری دنیا پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے، امید ہے ان مذاکرات کے نتیجے میں ایران پر عائد عالمی پابندیاں ختم ہوں گی، جس کا براہِ راست فائدہ پاکستان سمیت پوری دنیا کی معیشت کو ہوگا۔سابق وزیرِ خارجہ نے بھارتی وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر کے حالیہ بیانات پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے اسے بھارت کی بوکھلاہٹ اور تنگ نظری قرار دیا اور کہا دونوں ممالک ماضی میں متعدد بار شدید کشیدگی کے باوجود سیز فائر تک پہنچے ہیں۔انھوں نے مزید کہا بھارت کا موجودہ موقف نہ صرف تنگ نظری پر مبنی ہے بلکہ یہ عالمی سطح پر پاکستان کی ابھرتی ہوئی پوزیشن سے خوفزدہ ہونے کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اور بھارت کو اپنے دیرینہ تنازعات کو حل کیے بغیر نہیں چھوڑنا چاہیے اور موجودہ جنگ بندی کو محض ایک وقفہ نہیں بلکہ ایک وسیع اور دیرپا امن عمل کا نقطہ آغاز ہونا چاہیے، طویل تنازعات اور دشمنی کی وجہ سے دونوں ممالک کے عوام معاشی طور پر بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آج دنیا پاکستان کو ایک ایسے ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے جو خطے اور عالمی سطح پر امن کے قیام کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا تاکہ خطے میں استحکام آ سکے۔



