او جی ڈی سی ایل کا اسٹریٹجک زیر زمین گیس اسٹوریج پروجیکٹ کے لیے آئی ایس جی ایس کے ساتھ اشتراک
اسلام آباد(نمائندہ نوائے ہزارہ ) آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) اور انٹر اسٹیٹ گیس سسٹمز (پرائیویٹ) لمیٹڈ (آئی ایس جی ایس) نے پاکستان میں گیس کو ذخیرہ کرنے کے لیے اسٹریٹجک انڈر گراؤنڈ گیس سٹوریج (ایس یو جی ایس) پروجیکٹ کے لیے اشتراک کیا ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز او جی ڈی سی ایل اور آئی ایس جی ایس کے درمیان او جی ڈی سی ایل ہاؤس میںمفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ معاہدہ کے مطابق دونوں کمپنیاں گیس کے وسائل کے موثر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے او جی ڈی سی ایل کی فیلڈز میں اسٹریٹجک انڈر گراؤنڈ گیس سٹوریج تیار کرنے کے ممکنہ مواقع کا جائزہ لیںگی۔ واضع رہے اسٹریٹجک انڈر گراؤنڈ گیس سٹوریج پروجیکٹ ایک اہم اقدام ہے جسے اضافی گیس کے ذخیرہ کرنے کی سہولیات کے قیام کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، خاص طور پر آف پیک سیزن کے دوران جب پاکستانی مارکیٹ میں سپلائی کے مقابلے میں طلب کم ہوتی ہے۔ اسٹریٹجک انڈر گراؤنڈ گیس سٹوریج پروجیکٹ کے ذریعے، او جی ڈی سی ایل اور آئی ایس جی ایس کا مقصد اسٹوریج کی گنجائش پیدا کرکے اور صنعت میں دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تجارتی بنیادوں پر گیس کی فراہمی کے انتظامات کو آسان بنا کر ان مشکلات کو کم کرنا ہے۔تکنیکی اور تجارتی فزیبلٹی کے تحت، اس منصوبے میں پانی نکالنے کے کنوؤں، کمپریسرز، اور پائپ لائنوں کو جوڑنے اور ذخیرہ کرنے کی سہولیات شامل ہے جو کہ 15 بلین کیوبک فٹ (بی سی ایف) گیس کو ایڈجسٹ کرنے اور پانچ کارگو کے برابر ہے، جودو ماہ کی مدت کے لیے کافی ہے۔


