پرویز الہٰی کا راہداری ریمانڈ منظور، کل لاہور کی عدالت میں پیش کیا جائیگا
لاہور: اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار ہونے والے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کا راہداری ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔
جیل انتظامیہ کے مطابق پرویز الہٰی کو نظر بندی آرڈر کی مدت مکمل ہونے کے بعد اڈیالہ جیل سے رہا کیا گیا تاہم نیب راولپنڈی نے چودھری پرویز الہٰی کو جیل سے رہا ہوتے ہی حراست میں لے لیا۔
چودھری پرویز الہٰی کو جوڈیشل کمپلیکس راولپنڈی میں ڈیوٹی مجسٹریٹ خالد حیات کی عدالت میں پیش کیا گیا، نیب کی جانب سے عدالت سے چودھری پرویز الہٰی کے راہداری ریمانڈ کی استدعا کی گئی، دلائل سننے کے بعد ڈیوٹی مجسٹریٹ خالد حیات نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔
بعد ازاں ڈیوٹی مجسٹریٹ نے چودھری پرویز الہٰی کا راہداری ریمانڈ منظور کر لیا جس کے بعد نیب ٹیم انہیں لیکر لاہور پہنچ گئی، سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو کل لاہور میں متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کو 19 جولائی کو کیمپ جیل لاہور سے نکال کر اڈیالہ جیل پہنچایا گیا تھا، پرویز الہٰی کو 3 ایم پی او کے تحت نظربند کیا گیا اور ان کی نظر بندی کے احکامات ڈپٹی کمشنر لاہور نے جاری کیے تھے جو 30 روز کیلئے تھے۔
واضح رہے صدر پاکستان تحریک انصاف پر مالی بے ضابطگیوں اور ٹھیکوں میں کک بیکس لینے کا الزام ہے، نیب لاہور سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں اور دیگر کیسز کی تحقیقات کر رہا ہے۔


