ورلڈکپ کا ڈو اینڈ ڈائی میچ: قومی بیٹنگ لائن پھر لڑکھڑا گئی، آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی
چنئی:آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے 26 ویں میچ میں پاکستان کی جنوبی افریقا کیخلاف بیٹنگ جاری ہے۔
قومی ٹیم نے اس وقت 30 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنا لیے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز اوپننگ بیٹسمین عبد اللہ شفیق اور امام الحق نے کیا لیکن ایک بار پھر اوپننگ جوڑی پاکستان کو شاندار آغاز فراہم نہ کرسکی۔
اوپننگ بیٹسمین عبد اللہ شفیق جنوبی افریقی کرکٹر مارکو جینسن کی گیند پر 17 گیندوں پر 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ، اس کے بعد پاکستان کی اگلی وکٹ بھی مارکو جینسن نے لی، امام الحق 18 گیندوں پر 12 رنز بنا کر کیچ دے بیٹھے۔
اوپنرز کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے کچھ دیر مزاحمت دکھائی اور کپتان کا ساتھ دیتے ہوئے قومی ٹیم کا سکور آگے بڑھایا مگر یہ سلسلہ زیادہ دیر تک نہ چل سکا اور وہ 27 گیندوں پر 31 رنز بنا کر کوٹیزے کی گیند پر ڈی کاک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
رضوان کے بعد نئے آنے والے بلے باز افتخار احمد نے جارحانہ انداز تو اپنایا مگر وہ زیادہ دیر تک نہ چل سکا اور مڈل آرڈر بیٹر 21 رنز بنا کر چلتے بنے جس کے بعد قومی ٹیم کو اگلا نقصان بابر اعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا، قومی کپتان 65 گیندوں پر 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
قومی سکواڈ
ورلڈ کپ میں آج جنوبی افریقا کے خلاف میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
حسن علی اور اسامہ میر کو آج کا میچ نہیں کھلایا گیا ان کی جگہ وسیم جونیئر اور محمد نواز کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان کیلئے آج کا میچ مرو یا مارو کی صورتحال اختیار کر گیا ہے کیونکہ میچ ہارنے کے باعث پاکستان کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی تمام امیدیں دم توڑ جائیں گی، جیتنے پر بھی اگلے مرحلے میں جانے کیلئے آسٹریلیا کے آئندہ ہونے والے میچز پر انحصار کرنا ہو گا۔
پاکستانی ٹیم میگا ایونٹ میں 5 میچز کھیل چکی ہے جن میں سے 2 میں کامیاب ہوئی اور 3 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ جنوبی افریقہ بھی 5 میچز کھیل کر 4 میں کامیاب اور صرف ایک میں ناکام ہوئی ہے۔
میچ سے قبل پریکٹس
جنوبی افریقہ کیخلاف آج ہونے والے اہم میچ سے قبل قومی کھلاڑیوں نے بھرپور پریکٹس کی جبکہ کئی کھلاڑیوں نے آرام کو ترجیح دی تاکہ میچ میں تازہ دم ہو کر ایکشن میں ہوں، آپشنل ٹریننگ سیشن میں ورلڈ کپ پلیئنگ سکواڈ کے 8 اور ریزرو کے تینوں پلیئرز نے حصہ لیا۔
دونوں ٹیموں کا ون ڈے میں باہمی ریکارڈ
پاکستان کے ساتھ ون ڈے میں باہمی ریکارڈ کے مطابق جنوبی افریقہ کی ٹیم کا پلڑا بھاری ہے، دونوں کے درمیان 82 ون ڈے میچز کھیلے گئے ہیں جن میں 30 میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی جبکہ 51 میچز جنوبی افریقہ نے جیتے ہیں اور ایک میچ بغیر نتیجہ رہا۔
ورلڈ کپ میچز میں بھی پروٹیز کو گرین شرٹس پر برتری حاصل ہے، پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں ورلڈ کپ میچز میں 5 بار آمنے سامنے آئیں، 3 میچز میں جنوبی افریقہ نے کامیابی حاصل کی جبکہ 2 میچز میں جیت پاکستان نے اپنے نام کی۔


