سندھ اسمبلی میں سپیکر کے انتخاب کیلئے ووٹنگ کا عمل مکمل، گنتی شروع
کراچی: سندھ اسمبلی میں سپیکر کے انتخاب کیلئے ووٹنگ کا عمل مکمل کر کے گنتی شروع کر دی گئی۔
سپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت سندھ اسمبلی کا اجلاس 19 منٹ تاخیر سے شروع ہوا، سپیکر نے تمام اراکین کو انتخاب کا طریقہ کار بتایا۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے سپیکر کیلئے سید اویس شاہ اور ڈپٹی سپیکر کیلئے انتھونی نوید کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ ایم کیو ایم کی طرف سے سپیکر کیلئے صوفیہ سعید شاہ اور ڈپٹی سپیکر کیلئے راشد خان میدان میں ہیں۔
دونوں عہدوں کیلئے انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔
مزید 10 ارکان نے حلف اٹھا لیا
قبل ازیں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد اراکین سندھ اسمبلی نے حلف اٹھا لیا۔
تحریک انصاف کے حمایت یافتہ 9 آزاد اراکین اور جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق سمیت 10 ارکان نے سندھ اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھایا، سپیکر آغا سراج درانی نے نومنتخب اراکین سے حلف لیا، پیپلز پارٹی اور جی ڈی اے کے تین، تین ارکان نے حلف نہیں لیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز 147 ارکان نے سندھ اسمبلی میں حلف لیا تھا، ابتک مجموعی طور پر 157 ارکان سندھ اسمبلی حلف لے چکے ہیں، الیکشن کمیشن نے 163 ارکان کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی قیادت کے فیصلے پر پہلے آزاد ارکان سندھ اسمبلی نے حلف نہیں لیا تھا۔
پینل آف چیئر کا اعلان
جانے والے سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے پینل آف چیئر کا اعلان کر دیا۔
اعلان کردہ پینل آف چیئر میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما شرجیل انعام میمن، سعید غنی، ندا کھوڑو اور علی خورشیدی شامل ہیں۔
اعلان کردہ پینل آف چیئر سپیکر اور ڈپٹی کی اسپیکر کی غیر موجودگی میں ایوان کی کارروائی چلائے گا۔
ایوان کو اچھے طریقے سے چلانے کی کوشش کریں: مراد علی شاہ
سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران نامزد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ آج اسمبلی کا حلف اٹھانے والوں کو ویلکم کرتا ہوں، سندھ کے عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کی بہتری کے لئے ہم سب بہتر کردار ادا کریں گے، کوشش کریں گے کہ ایوان کو اچھے طریقے سے چلائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک بہت مشکل دور سے گزر رہا ہے، انتخابی مہم کے دوران ہمارے 12 کارکنان شہید ہوئے، آنے والی حکومتوں کیلئے دہشت گردوں سے مقابلہ بڑا چیلنج ہوگا۔


